حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایم-ڈبلیو-ایم نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ تحریک الحکمت کے سربراہ سید عمار الحکیم سے اتوار کے روز مؤرخہ 24/12/2023 کو ملاقات کی، کہ جس میں ملکی و عالمی صورتحال کو زیرِ بحث لایا گیا۔
اس ملاقات کی ابتدا میں سربراہ تحریک الحکمت کی خدمت میں چئیرمین مجلس وحدت المسلمین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) کا سلام اور نیک تمناؤں کا پیغام پیش کیا، اور پاکستان کی بدلتی صورتحال اور ملک میں شیعہ قوم کی مشکلات اور ریاست کا رویہ، امریکہ اور اسکے اتحادیوں کا ملک میں مداخلت، رجیم چینج کی سازش، ایم-ڈبلیو-ایم کی ملک میں حالیہ سرگرمیاں، پاکستان تحریکِ انصاف سے اتحاد، آئندہ آنے والے الیکشن میں ایم-ڈبلیو-ایم کا کردار، مسئلہ فلسطین پر قائد اعظم محمد علی جناح(رح) کے اصولوں پر پاکستان کا تاریخی موقف و قضیہ فلسطین کی حمایت اور پاکستانی زائرین و عاملین کی مشکلات کو درپیش مسائل سمیت دیگر متعدد موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
سربراہ تحریک الحکمت نے پاکستان کے بارے میں تفصیلی صورتحال سے آگاہ کرنے پر علامہ سید شفقت حسین شیرازی کا شکریہ ادا کیا۔ اور عراق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عراق نے مسئلہ فلسطین کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عراقی پارلمنٹ میں قانون پاس کیا کہ اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات قائم کرنا قانونی جرم ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یورپ کی خود ساختہ وبا ہم جنس پرستی کو بھی قانونی جرم قرار دیا۔ اور یورپ کی طرف سے آنے والے دباؤ پر دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا تہذیب و تمدن اور ثقافت اس چیز کی قطعی طور پر اجازت نہیں دیتا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کی بہتری پر بات چیت کی گئی ۔